جیکب آباد: خراب سڑک اور بروقت طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث ایک حاملہ خاتون اسپتال پہنچنے سے قبل ہی راستے میں بچی کو جنم دینے پر مجبور ہو گئی۔
اطلاعات کے مطابق خاتون کو زچگی کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم سڑک کی خستہ حالی کے باعث گاڑی بروقت منزل تک نہ پہنچ سکی۔ سومرا شاخ کے مقام پر مقامی دیہاتیوں نے فوری طور پر سڑک کنارے پردے کا انتظام کیا، جہاں خاتون کی ہنگامی بنیادوں پر ڈلیوری کرائی گئی۔
ذرائع کے مطابق خاتون نے ایک صحت مند بچی کو جنم دیا، جس کے بعد ماں اور نومولود کو مزید طبی معائنے کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاندان نے حکام سے فوری نوٹس لینے، واقعے کی تحقیقات کرانے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے اور علاقے میں بہتر سڑکوں کے ساتھ معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔