موٹروے پولیس نے 19 لاکھ روپے مالیت کے سامان سے بھرا گمشدہ پرس مالک کے حوالے کردیا

image

موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی، دیانتداری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریباً 19 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور موبائل فون پر مشتمل گمشدہ پرس تلاش کرکے اس کے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی ایک فیملی نے ایم-14 موٹروے پر داؤد خیل کے قریب پرس گم ہونے کی اطلاع دی۔ فیملی کا کہنا تھا کہ بچوں سے غیر ارادی طور پر پرس گاڑی سے باہر گر گیا تھا۔

حکام کے مطابق گمشدہ پرس میں تقریباً 17 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور 2 لاکھ روپے مالیت کا موبائل فون موجود تھا۔

اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس نے فوری طور پر متعلقہ پٹرولنگ موبائلز کو الرٹ جاری کیا اور جامع سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ مسلسل تلاش کے بعد اہلکاروں نے گمشدہ پرس بحفاظت برآمد کر کے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔

متاثرہ خاندان نے موٹروے پولیس کی بروقت مدد، دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US