وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت وزیراعظم کی جانب سے قائم کابینہ کمیٹی کا آٹھواں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ڈرگ پرائسنگ کمیٹی اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے پالیسی بورڈ کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج سمیت متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ڈریپ حکام نے کمیٹی کو نئی ادویات کی قیمتوں کے تعین، خصوصی درخواستوں، قیمتوں سے متعلق مختلف معاملات اور ملک میں ضروری ادویات کی دستیابی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو گزشتہ اجلاس کے بعد ہونے والی پیش رفت اور مختلف تجاویز سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ہدایت کی کہ ادویات کی قیمتوں کے تعین کا عمل شفاف، شواہد پر مبنی اور تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلوں میں عوامی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے ایک طرف مریضوں کو ضروری ادویات کی بروقت اور مناسب قیمت پر فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ دوسری جانب دواساز صنعت کے پائیدار نظام کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اہم ادویات کی قیمتوں سے متعلق فیصلوں کی وجوہات عوام کے سامنے واضح انداز میں پیش کی جائیں تاکہ اس حوالے سے اعتماد اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔