سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے میں مون سون کی شدید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر سندھ حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامع اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی انتظامیہ، ٹاؤن اور یوسی سطح کی انتظامیہ کو اسٹینڈ بائی رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ ریسکیو اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری اور فوری ردعمل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، ہیوی مشینری، ڈی واٹرنگ پمپ، پمپنگ آلات اور دیگر ضروری وسائل ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں منتقل کیے جا رہے ہیں، جبکہ کراچی، جامشورو اور سکھر سمیت مختلف مقامات پر ایمرجنسی رسپانس مراکز کو بھی فعال کردیا گیا ہے۔
انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے اور مربوط کوآرڈینیشن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ متاثرہ شہریوں کو بروقت اور فوری ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
شرجیل انعام میمن نے عوام سے بھی اپیل کی کہ شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، موسمی صورتحال اور متعلقہ اداروں کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔