پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ نے لاہور میں حالیہ بارشوں کے بعد ڈی ایچ اے سمیت مختلف علاقوں میں جمع ہونے والے پانی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے شکوہ کیا ہے۔
رابی پیرزادہ نے سوشل میڈیا پر اپنے گھر کے قریب کھڑے پانی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ لاہور کے مہنگے ترین علاقے ڈی ایچ اے فیز ون میں موجود ہیں جہاں ان کے دفتر اور اسکول کو بھی پانی کے باعث نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بارش کے بعد نکاسی آب کے لیے دعویٰ کی جانے والی مشینری کہاں کام کر رہی ہے۔
بعد ازاں رابی پیرزادہ نے وضاحت کی کہ ان کی ویڈیو کا مقصد کسی مخصوص ادارے یا علاقے پر تنقید کرنا نہیں بلکہ حکام تک شہریوں کی مشکلات پہنچانا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاہور کے شہریوں کو بہتر نکاسی آب، محفوظ سڑکیں اور فوری انتظامی اقدامات فراہم کیے جائیں۔