پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے کھیل کے میدان میں کامیابیوں کے بعد اب انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے۔ رونالڈو اپنی پہلی اسکرپٹڈ ٹی وی سیریز 'ڈے ونز' میں نہ صرف اداکاری کریں گے بلکہ ایگزیکٹو پروڈیوسر کی ذمہ داری بھی نبھائیں گے۔
یہ سیریز رونالڈو اور معروف ہدایت کار میتھیو وان کی مشترکہ پروڈکشن کمپنی 'UR-Marv Studios' کے تحت تیار کی جا رہی ہے۔ ڈرامے کی کہانی ایک فرضی فٹبال ایجنٹ کے گرد گھومتی ہے، جو جدید فٹبال کی چکاچوند کے پیچھے موجود طاقت کی سیاست اور سخت مقابلے کا سامنا کرتا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق سیریز کی شوٹنگ شمال مغربی لندن میں جاری ہے جبکہ ماہرین کا خیال ہے کہ 'ڈے ونز' اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر نمایاں کامیابی حاصل کر سکتی ہے اور ناظرین کو فٹبال کی دنیا کا ایک منفرد رخ دکھائے گی۔