لیاری چاکیواڑہ میں مسلسل چار دن کی لوڈشیڈنگ: عوام کا سڑکوں پر احتجاج، ٹریفک معطل

image

لیاری کے علاقے چاکیواڑہ اور اس کے گردونواح میں گزشتہ چار روز سے مسلسل بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکین شدید سراپا احتجاج بن گئے اور بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، فنی خرابیوں اور کے الیکٹرک کی عدم توجہی کے باعث پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا ہے، جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

احتجاج کرنے والے مظاہرین نے چاکیواڑہ کی اہم شاہراہوں کو بلاک کر کے کے الیکٹرک انتظامیہ اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد شامل تھی، جنہوں نے ہاتھوں میں خالی برتن اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار دنوں سے بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں پینے کا پانی ختم ہو چکا ہے اور کاروباری زندگی مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے، جبکہ کے الیکٹرک کے عملے کو متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

سڑکوں کی بندش کے باعث علاقے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شدید ٹریفک جام دیکھنے میں آیا، جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس اور انتظامیہ کی نفری نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کیے اور کے الیکٹرک حکام سے رابطہ کر کے مسئلہ جلد از جلد حل کرانے کی یقین دہانی کروائی، جس کے بعد مظاہرین نے بجلی کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجا ج مؤخر کیا۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بجلی کی فراہمی کا مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کا دائرہ کار پورے شہر تک بڑھا دیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US