وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ملاقات کی، جس میں یوتھ پروگرام کے تحت جاری مختلف منصوبوں اور ان پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم کو نوجوانوں کی فلاح و بہبود، روزگار اور مہارتوں کے فروغ سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی مؤثر، جامع اور نتیجہ خیز حکمت عملی پر بھرپور انداز میں عملدرآمد کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت ، ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہنر مند افرادی قوت ملک کی معیشت، صنعت اور سماجی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، جبکہ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوان ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔