بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی مرید بگٹی شہید جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق کھٹہ چوکی کے قریب مسلح دہشت گردوں نے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی بارکھان مرید بگٹی موقع پر شہید ہو گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
معاونِ خصوصی وزیرِاعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا مکمل محاصرہ کر کے دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے حملہ آوروں کا تعاقب کر رہے ہیں اور انہیں ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔