اپر سوات کے علاقے شلخو سر میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کے دوران متعدد دہشت گردوں کو ہلاک اور کئی کو زخمی کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایلیٹ فورس کا ایک جوان شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق آپریشن میں سوات پولیس، اپر سوات پولیس اور سی ٹی ڈی کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر محصور کر دیا گیا ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ شلخو سر آپریشن میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایلیٹ فورس کے جوان گلفام نے جامِ شہادت نوش کیا۔
حکام کے مطابق آپریشن کی نگرانی ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات اور دیگر سینئر پولیس افسران کر رہے ہیں۔
سوات پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی اور آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔