پاکستان کے سینئر اداکار، مصنف اور میزبان سید محمد احمد نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ایک نوجوان مرکزی اداکار نے شوٹنگ کے دوران ان کے ساتھ غیر مناسب رویہ اختیار کیا جس سے انہیں شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ مکمل کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل ہو گیا تھا تاہم اس وقت انہوں نے اداکار کا نام ظاہر نہیں کیا۔
سید محمد احمد کے انکشاف کے بعد شمعون عباسی سمیت شوبز سے وابستہ کئی شخصیات ان کی حمایت میں سامنے آئیں۔ شمعون عباسی نے کہا کہ وہ اس اداکار کو جانتے ہیں اور اسے سید محمد احمد سے معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا تھا کہ اگر معافی نہ مانگی گئی تو جلد اس اداکار کا نام بھی سامنے آ جائے گا۔
سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سید محمد احمد کے ساتھ مبینہ طور پر نامناسب رویہ اختیار کرنے والے اداکار فہد شیخ تھے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں فنکار 2020 سے 2022 کے درمیان دو مختلف ڈراموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔
ویڈیو میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ معاملہ منظرِ عام پر آنے کے بعد بھی فہد شیخ نے نجی طور پر سید محمد احمد سے معذرت نہیں کی۔
تاہم فہد شیخ نے اب تک ان الزامات پر کوئی عوامی ردعمل یا وضاحت جاری نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ یہ دعوے سوشل میڈیا کی ویڈیو پر مبنی ہیں جن کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔