آسام کے سیلاب متاثرین کے لیے سلمان خان متحرک، امدادی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز

image

بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے بھارتی ریاست آسام میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے اپنی فلاحی تنظیم "بینگ ہیومن" کے تحت امدادی مہم شروع کر دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس مقصد کے لیے تنظیم نے آسام میں موجود سلمان خان فین کلب کے ساتھ رابطہ کر کے مرحلہ وار امدادی منصوبہ ترتیب دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پہلے مرحلے میں سیوا ساگر سمیت متاثرہ علاقوں میں ضرورت مند خاندانوں کو کھانے کے پیکٹس فراہم کیے جائیں گے۔ ان پیکٹس میں بسکٹ، گڑ، پوہا، پفڈ چاول، روٹی، پنیر اور جام شامل ہیں تاکہ متاثرین کی فوری غذائی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

سلمان خان کی کوشش ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے پاس کم از کم تین دن کے لیے ضروری خوراک موجود ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ امدادی سامان میں پینے کا صاف پانی، پانی صاف کرنے والی گولیاں، سینیٹری پیڈز اور مچھر بھگانے والی کوائلز بھی شامل کی گئی ہیں۔

امدادی مہم کے دوسرے مرحلے میں راشن کٹس اور ادویات تقسیم کی جائیں گی جبکہ اس مرحلے کا آغاز آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق مہم کے آخری مرحلے میں "بینگ ہیومن" سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں میں اسکولوں اور اسپتالوں کی بحالی اور تعمیرِ نو کے منصوبوں میں بھی تعاون کرے گی تاکہ متاثرہ آبادی کو طویل مدتی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US