کنگنا رناوت نے ایسا کیا کیا ہے کہ رکنِ پارلیمنٹ بن گئیں؟ اگر دوبارہ عوام کے درمیان جا کر الیکشن لڑیں تو شاید آپ کو ووٹ بھی نہ ملیں۔ آپ ہمارے ملک کے طلبہ اور بیٹیوں کے بارے میں اس طرح کی زبان کیسے استعمال کر سکتی ہیں؟
بھارتی اداکارہ اور رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت طلبہ کے خلاف اپنے متنازع بیان کے بعد شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے کے لیے ہونے والے طلبہ کے احتجاج کے بعد کنگنا نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے مظاہرین کے لیے سخت اور توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔ ان کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔
کنگنا کے بیان پر اداکارہ راکھی ساونت بھی خاموش نہ رہیں اور ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔ راکھی نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں اور طالبات کے بارے میں ایسی زبان کسی عوامی نمائندے کو زیب نہیں دیتی۔
انہوں نے کنگنا رناوت کی سیاسی حیثیت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر وہ دوبارہ عوام کے ووٹ سے میدان میں اتریں تو شاید انہیں پہلے جیسی حمایت نہ ملے۔ راکھی کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے اپنی جگہ لیکن طلبہ اور خواتین کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کرنا کسی صورت درست نہیں۔
راکھی ساونت نے اپنی ویڈیو میں 2024 میں چندی گڑھ ایئرپورٹ پر کنگنا رناوت کے ساتھ پیش آنے والے تھپڑ کے واقعے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح اشتعال انگیز بیانات دیے جاتے رہے تو عوام کا ردعمل مزید سخت ہو سکتا ہے۔
کنگنا رناوت کے بیان اور راکھی ساونت کے جواب کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں شخصیات ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گئی ہیں جہاں صارفین اپنے اپنے مؤقف کے مطابق اس معاملے پر رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔