خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 32 دہشتگرد ہلاک

image

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 32 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر کے مختلف علاقوں میں ایریا سینیٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کئی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ الہندوستان سے وابستہ 8 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ آپریشنز کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد برآمد کرکے تباہ کر دیا گیا، جبکہ متاثرہ علاقوں میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ وژن ”عزمِ استحکام“ کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

بیان کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US