پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا پالتو کتا کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 8 سے لاپتا ہو گیا ہے۔ وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم نے سوشل میڈیا کے ذریعے عوام سے اپیل کی ہے کہ کتے کی تلاش میں تعاون کریں۔
دونوں کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اسٹوری کے مطابق "ڈیوک" نامی پانچ ماہ کا بلیک جرمن شیفرڈ (لانگ کوٹ) آخری بار ڈی ایچ اے فیز 8 میں دیکھا گیا تھا جس کے بعد سے اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
وسیم اکرم اور شنیرا اکرم نے اعلان کیا ہے کہ کتے کو بحفاظت واپس لانے یا اس کے بارے میں قابلِ اعتماد اطلاع فراہم کرنے والے شخص کو 2 لاکھ 50 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔
انہوں نے ڈی ایچ اے فیز 8 کے رہائشیوں، سیکیورٹی گارڈز اور مقامی افراد سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے اطراف کے پارکس، گلیوں، باغات، گیراجز اور دیگر ممکنہ مقامات پر نظر رکھیں تاکہ ڈیوک کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے۔