معروف اداکار اور موسیقار خالد نظامی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے۔
ان کے اہل خانہ کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ کل بروز جمعرات بعد نماز ظہر بفرزون 15 بی (کراچی وسطی) کی عثمانیہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔
1947 میں شمالی بھارت کے شہر مسوری (ضلع ڈیرہ دون، اتراکھنڈ) میں پیدا ہونے والے خالد نظامی نے ابتدائی تعلیم کراچی گرامر اسکول سے حاصل کی اور بعد میں اسلامیہ کالج کراچی سے بی اے کیا۔
اپنے دور کے اس لیجنڈری اور ورسٹائل اداکار نے پی ٹی وی کے یادگار ڈراموں 'انکل عرفی' (1972)، 'شہزوری' (1974)، 'ان کہی' (1982) اور حسینہ معین کے تحریر کردہ کھیل 'عید کا جوڑا' سے بے پناہ شہرت حاصل کی۔
انہوں نے سینما کی دنیا میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے اور نذر الاسلام کی فلم 'حقیقت' (1974)، 'پہچان' (1975) اور پنجابی فلم 'اج دیاں کڑیاں' (1977) سمیت کئی فلموں میں نمایاں کردار ادا کیے۔