آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ریسکیو 1122 کے ہیڈ کوارٹر اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔ ہیڈ کوارٹر آمد پر ڈی جی ریسکیو 1122 بریگیڈیئر (ر) صبغت اللہ مہر، چیف آپریٹنگ افسر ڈاکٹر عابد جلال شیخ اور دیگر افسران نے ان کا پرُتپاک استقبال کیا جبکہ ریسکیو 1122 کے دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
دورے کے دوران آئی جی سندھ کو ریسکیو کے مختلف آلات اور گاڑیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ایمرجنسی رسپانس سسٹم، کال مانیٹرنگ، ڈسپیچ میکانزم اور جدید کنٹرول روم کے آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی جی ریسکیو 1122 نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے میکنزم، ادارے کے قیام، مقاصد اور اہداف پر پوائنٹ ٹو پوائنٹ بریفنگ دی۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا قائم کردہ ریسکیو 1122 کا ادارہ قلیل مدت میں غیر معمولی کارکردگی دکھا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس اور ریسکیو 1122 کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ایک ساتھ کام کرتے ہیں اور اس طرح کی ملاقاتوں سے اداروں کے درمیان مربوط روابط اور مؤثر اقدامات کو تقویت ملتی ہے۔ عوام کو بروقت، مؤثر اور معیاری ایمرجنسی سروسز کی فراہمی ہر ادارے کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو آپریشنز میں جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ رسپانس ٹائم کی بروقت اور مؤثر منصوبہ بندی بھی لازمی ہے۔ آئی جی سندھ نے ریسکیو اہلکاروں کی تربیت، استعداد کار اور جدید آلات کی دستیابی پر دی جانے والی توجہ کو سراہا اور بتایا کہ سندھ پولیس بھی ریسکیو 1122 کے عملے کو تربیت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے ریسکیو افسران و اہلکاروں کی خدمات اور پیشہ ورانہ جذبے کی تعریف کی۔ دورے کے اختتام پر آئی جی سندھ اور ڈی جی ریسکیو 1122 کے درمیان یادگاری شیلڈ کا تبادلہ بھی کیا گیا۔