وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ملک میں گندم کی ضروریات، صوبوں کی طلب اور ممکنہ درآمد کے طریقہ کار کا تعین کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دے دی۔
ای سی سی کے اجلاس میں گندم کی ممکنہ درآمد سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ درآمدی طریقہ کار کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کی سربراہی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
کمیٹی میں متعلقہ وفاقی وزرا، وفاقی سیکریٹریز، چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) اور چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز شامل ہوں گے۔ سٹیئرنگ کمیٹی ملک بھر میں گندم کی دستیاب صورتحال، ضروریات اور صوبوں کی طلب کا جائزہ لینے کے بعد درآمد کے طریقہ کار سے متعلق اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ گندم کی ممکنہ درآمد کے لیے جامع اور قابلِ عمل حکمت عملی تیار کی جائے، جبکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں۔