پاک بحریہ کا شمالی بحیرۂ عرب میں ریسکیو آپریشن، 19 ماہی گیروں کو بچا لیا

image

پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں بروقت اور کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سمندر میں پھنسے 19 ماہی گیروں کو بحفاظت بچا لیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس تیمور نے گوادر سے تقریباً 120 ناٹیکل میل جنوب میں انجن کی خرابی کے باعث سمندر میں پھنس جانے والی ماہی گیروں کی کشتی تک رسائی حاصل کی۔ کشتی میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہریوں سمیت مجموعی طور پر 19 افراد سوار تھے۔

پاک بحریہ کے مطابق جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر کی جانب سے اطلاع ملنے پر فوری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ بحریہ کے جوانوں نے ماہی گیروں کو خوراک، پینے کا صاف پانی اور طبی امداد فراہم کی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ریسکیو کارروائی کے بعد خراب کشتی کو بھی بحفاظت ساحل تک منتقل کر دیا گیا، جبکہ تمام ماہی گیر محفوظ رہے۔ پاک بحریہ نے ایک بار پھر سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ اور بروقت امدادی کارروائی کی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US