پاکستان کے لیے بڑی بحری کامیابی، لائیڈز جوائنٹ وار کمیٹی کے لسٹڈ ایریاز سے خارج

image

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو لائیڈز جوائنٹ وار کمیٹی کے لسٹڈ ایریاز سے نکال دیا گیا ہے جو ملک کے بحری شعبے کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر قائم کی گئی خصوصی کمیٹی نے چار ماہ کی مسلسل سفارتی اور تکنیکی کوششوں کے بعد یہ اہم کامیابی حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت وزیراعظم کے وژن اور فیلڈ مارشل کی رہنمائی میں ممکن ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سمندری حدود کے لسٹڈ ایریاز سے خارج ہونے کے بعد بین الاقوامی شپنگ لائنز پر عائد وار رسک انشورنس پریمیم اور اضافی سرچارج ختم ہو جائیں گے جس کے نتیجے میں شپنگ اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔

جنید انوار چوہدری کے مطابق شپنگ لاگت کم ہونے سے ملکی درآمدات اور برآمدات کو براہ راست فائدہ پہنچے گا جبکہ عالمی شپنگ کمپنیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بھی مزید مضبوط ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہوں کی تجارتی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ علاقائی تجارت اور کارگو ٹرانزٹ کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جس سے قومی معیشت کو مثبت تقویت ملے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US