فہد شیخ نے سید محمد احمد سے معافی مانگ لی، وضاحتی بیان جاری

image

پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکار فہد شیخ نے سینئر اداکار سید محمد احمد کا مذاق بنانے کے معاملے پر سرِعام معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کی کسی بات سے دل آزاری ہوئی تو وہ اس پر معافی چاہتے ہیں۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سید محمد احمد نے ایک ویڈیو میں شوٹنگ کے دوران ایک جونیئر اداکار کی جانب سے اپنے گنج پن کا مذاق اڑائے جانے کا ذکر کیا، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔ بعد ازاں سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوئی اور صارفین نے متعلقہ اداکار کے سامنے آنے کا مطالبہ کیا۔

فہد شیخ نے انسٹاگرام اسٹوری میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو کو مکمل تناظر کے بغیر پیش کیا گیا۔ ان کے مطابق شوٹنگ سیٹ پر تمام فنکار ایک خاندان کی طرح ہوتے ہیں اور ان کا مقصد ہرگز کسی کی تضحیک کرنا نہیں تھا۔

اداکار نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی سید محمد احمد کے ساتھ کئی منصوبوں میں کام کر چکے ہیں اور ان کے درمیان ہمیشہ خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ وہ اس معاملے پر پہلے ہی ذاتی طور پر معافی مانگ چکے تھے، تاہم اگر عوامی سطح پر معذرت کی ضرورت ہے تو وہ اس سے بھی گریز نہیں کرتے کیونکہ سید محمد احمد ان کے بزرگ ہیں اور وہ ان کا بے حد احترام کرتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US