میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کی ترقی کے لیے 300 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے جبکہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) رواں سال 70 ارب روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
سائٹ صنعتی ایریا میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حبیب بینک چورنگی سے گل بائی تک تقریباً 2 ارب روپے کی لاگت سے جدید سیوریج نظام کے ساتھ نئی سڑک تعمیر کی جائے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کراچی کے تمام صنعتی زونز میں ترقیاتی کاموں کے لیے 9 ارب 25 کروڑ روپے صنعتکار تنظیموں کو فراہم کیے جا چکے ہیں تاکہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا سکے۔
میڈیا سے گفتگو میں میئر کراچی نے سیاسی صورتحال پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2022 میں تحریک عدم اعتماد کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی چاہتی تو اپنا وزیراعظم لا سکتی تھی تاہم جمہوری روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ نشستیں رکھنے والی جماعت مسلم لیگ (ن) کو حکومت بنانے کا موقع دیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری جلد سائٹ ایریا کے ہارون آباد میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر پارک کا افتتاح بھی کریں گے۔