فیصل قریشی کا تیزی سے کم ہوتا وزن، مداح شدید تشویش میں مبتلا

image

پاکستان کے معروف اداکار اور میزبان فیصل قریشی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے ہیں تاہم اس بار وجہ ان کی نئی ڈرامہ سیریز نہیں بلکہ ان کی تیزی سے کم ہوتی ہوئی جسمانی ساخت ہے۔ اگرچہ ابتدا میں مداحوں نے ان کی فٹنس ٹرانسفارمیشن کو خوب سراہا لیکن اب بہت سے لوگ ان کے مسلسل کم ہوتے وزن پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

فیصل قریشی گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان کی شوبز انڈسٹری کا نمایاں نام ہیں۔ انہوں نے "میری ذات ذرۂ بے نشاں"، "میں عبدالقادر ہوں"، "بشر مومن"، "مقدر"، "کھائی"، "حیوان"، "فرق"، "ہک"، "بہروپیا"، "بھیگی پلکیں" اور "فتور" جیسے کامیاب ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے۔ حال ہی میں ڈرامہ "کیس نمبر 9" میں کامران کے کردار نے بھی انہیں شائقین کی بھرپور داد دلوائی۔

حالیہ دنوں میں فیصل قریشی مختلف عوامی تقریبات میں نظر آئے جہاں ان کی نئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ ان ویڈیوز میں وہ پہلے کے مقابلے میں خاصے دبلے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ان کے چہرے کی ہڈیاں نمایاں ہونے اور گال اندر دھنسے ہوئے محسوس ہونے پر مداحوں نے تشویش کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ان کی صحت کے بارے میں سوالات اٹھائے ہیں۔ کچھ مداحوں کا کہنا ہے کہ فیصل قریشی کو اب مزید وزن کم کرنے سے گریز کرنا چاہیے جبکہ بعض نے امید ظاہر کی کہ وہ خیریت سے ہوں۔ ایک ترک مداح نے بھی ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب چند سوشل میڈیا صارفین نے بغیر کسی ثبوت کے یہ قیاس آرائیاں بھی کیں کہ شاید انہوں نے وزن کم کرنے کے لیے اوزیمپک کا استعمال کیا ہو۔ تاہم فیصل قریشی نے اب تک اپنے وزن میں نمایاں کمی یا اس حوالے سے سامنے آنے والے تبصروں پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US