پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں۔ مومنہ اقبال کے ساتھ مبینہ تنازع اور عدالت تک پہنچنے والے معاملے کے بعد اب سوشل میڈیا پر ان سے متعلق نئے دعوے سامنے آ رہے ہیں جن میں الزام لگایا جا رہا ہے کہ انہوں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کی متعدد اداکاراؤں سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب اداکارہ مومنہ اقبال نے علیحدگی کے بعد ثاقب چدھڑ پر ہراسانی کے الزامات عائد کیے۔ اس کے جواب میں ثاقب چدھڑ نے دعویٰ کیا کہ دونوں کے درمیان طویل عرصے پر محیط تعلق رہا ہے۔ بعد ازاں معاملہ عدالت پہنچ گیا، جہاں اس وقت دونوں فریق قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔
اب سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مختلف اسکرین شاٹس نے اس معاملے کو ایک نئی بحث میں تبدیل کر دیا ہے۔ ان غیر مصدقہ اسکرین شاٹس کے مطابق ثاقب چدھڑ نے مبینہ طور پر اداکارہ سیدہ طوبیٰ انور کو انسٹاگرام پر پیغامات بھیجے اور انہیں آئی فون تحفے میں دینے کی پیشکش بھی کی۔
اسی دوران اداکارہ اور "تماشا سیزن 2" کی فاتح عروبہ مرزا نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا۔ اس اسکرین شاٹ میں مبینہ طور پر ثاقب چدھڑ کی جانب سے انہیں بار بار "Hello" کے پیغامات بھیجے گئے حالانکہ اداکارہ کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا تھا۔
ان دعوؤں اور اسکرین شاٹس کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کئی افراد نے ثاقب چدھڑ کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ بعض نے اس معاملے پر طنزیہ تبصرے بھی کیے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اسکرین شاٹس اور دعووں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی جبکہ ثاقب چدھڑ نے ان نئے الزامات پر تاحال کوئی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا۔