فہد شیخ کی معافی کے بعد شوبز انڈسٹری دو حصوں میں تقسیم

image

پاکستانی اداکار فہد شیخ ان دنوں نہ صرف اپنے ڈرامہ "انتخاب" میں اداکاری بلکہ سینئر اداکار سید محمد احمد سے متعلق سامنے آنے والے تنازع کی وجہ سے بھی خبروں میں ہیں۔ حال ہی میں اس معاملے پر کئی معروف شوبز شخصیات نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

فہد شیخ پاکستانی ٹیلی ویژن کے معروف اداکار اور میزبان ہیں جنہوں نے "جلن"، "ڈنک"، "گھمنڈی"، "بیٹیاں"، "میراث"، "حسرت"، "ونڈر لینڈ" اور "عشق تم سے ہوا" جیسے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ سابق گلوکارہ اور اداکارہ شہیدہ منی کے داماد بھی ہیں۔ ان دنوں وہ گرین انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ "انتخاب" میں اپنی اداکاری پر داد سمیٹ رہے ہیں۔

چند روز قبل سینئر اداکار سید محمد احمد نے ایک ٹاک شو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ایک جونیئر اداکار کی جانب سے مذاق اور نامناسب رویے کا سامنا کرنا پڑا۔ اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں فہد شیخ کو مبینہ طور پر سید محمد احمد کا مذاق اڑاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد فہد شیخ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے عوامی طور پر معذرت کرتے ہوئے اپنی وضاحت بھی پیش کی۔

اگرچہ فہد شیخ نے معافی مانگ لی تاہم اس معاملے پر شوبز شخصیات کی آراء مختلف رہیں۔ اداکار حسن احمد کا کہنا تھا کہ فہد شیخ کو دوسروں کا مذاق اڑانے کی عادت ہے۔ ان کے مطابق فہد کو اپنے رویے پر جوابدہ ہونا چاہیے بلکہ اس سیٹ پر موجود دیگر افراد کو بھی تنقید کا سامنا کرنا چاہیے۔

دوسری جانب اداکار فیصل قریشی نے کہا کہ سید محمد احمد اور فہد شیخ کے درمیان معاملہ اب حل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق فہد نے دل سے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت کی اس لیے مداحوں کو بھی ان کی معافی قبول کر کے اس معاملے کو ختم کر دینا چاہیے کیونکہ ہر انسان سے غلطی ہو سکتی ہے اور اس سے سیکھنے کا موقع بھی ملتا ہے۔

میزبان مایا خان نے بھی فہد شیخ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی بات پیش کرنے کا مکمل موقع ملنا چاہیے تاکہ لوگ معاملے کے دونوں پہلو سن سکیں۔

اداکار اعجاز اسلم کی رائے بھی اس سے ملتی جلتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ نجی سطح پر حل کیا جا سکتا تھا اور چونکہ فہد شیخ معذرت کر چکے ہیں اس لیے اب اس تنازع کو مزید طول نہیں دینا چاہیے۔

اداکارہ نادیہ جمیل نے البتہ فہد شیخ کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سینئر اور قابل احترام فنکار محمد احمد کے ساتھ ایسا سلوک مناسب نہیں تھا۔

اداکار شمعون عباسی نے بھی فہد شیخ کی عوامی معافی کو سراہتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ مزید ٹرولنگ سے گریز کریں اور معاملے کو یہیں ختم ہونے دیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US