تاجروں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں اور صنعتکاروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں سیکیورٹی صورتحال، کاروباری سرگرمیوں کو درپیش مشکلات اور دیگر اہم مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران تاجر برادری نے وزیر داخلہ کو اپنے مسائل اور سیکیورٹی سے متعلق خدشات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے تاجروں اور صنعتکاروں کے جان و مال کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں محفوظ کاروباری ماحول کی فراہمی اور نجی شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ وہ جلد پشاور اور کوئٹہ کے دورے کریں گے، جہاں متعلقہ حکام، تاجر تنظیموں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے ذریعے مسائل کے مستقل اور مؤثر حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کے خاتمے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US