ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ، بھارت پر اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے کا الزام

image

عالمی انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی تازہ رپورٹ میں الزام عائد کیا ہے کہ بھارت غزہ میں جاری جنگ کے دوران اسرائیل کو اسلحہ اور فوجی سازوسامان فراہم کرتا رہا، جس سے وہ ممکنہ طور پر بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں میں معاونت کا مرتکب ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے 30 نومبر 2025ء کے دوران بھارت سے اسرائیل کو ہتھیاروں، گولہ بارود اور دفاعی سازوسامان کی 2 ہزار 596 کھیپ روانہ کی گئی۔ ایمنسٹی کا کہنا ہے کہ ان برآمدات میں ہتھیاروں کے پرزے، دھماکہ خیز مواد سے متعلق سامان، فوجی گاڑیوں کے اجزاء، مشین گن کے پرزے، توپ خانے کے گولے، ڈرون وار ہیڈز اور بکتر بند گاڑیوں کے پرزے شامل تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلحہ وصول کرنے والی اسرائیلی کمپنیوں میں ایلبٹ سسٹمز، رافیل ایڈوانسڈ ڈیفنس سسٹمز اور اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز شامل ہیں، جبکہ بھارتی برآمد کنندگان میں سرکاری ملکیت کی امیونیشنز انڈیا لمیٹڈ سمیت متعدد دفاعی کمپنیاں شامل ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے احکامات کے بعد بھارت لاعلمی کا جواز پیش نہیں کر سکتا، جبکہ اسرائیلی فوج کو اسلحہ اور دفاعی سامان فراہم کرنے والی بھارتی کمپنیاں ممکنہ طور پر بین الاقوامی جرائم میں معاونت کی ذمہ دار قرار دی جا سکتی ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے جون اور جولائی 2025ء میں اس معاملے پر بھارتی حکومت سے وضاحت طلب کی تھی، تاہم تنظیم کے مطابق اس کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US