"میں نے 'بڑاپن' کا لفظ غلط استعمال کیا تھا۔ میرا مقصد یہ تھا کہ سید محمد احمد نے سب کو معاف کر کے اپنی بڑائی دکھائی۔ جہاں تک غیر جانبدار رہنے کی بات ہے، میں کسی کا ساتھ نہیں دے رہا تھا بلکہ صرف پوری صورتحال کا تجزیہ کر رہا تھا۔"
اداکار فیصل قریشی اور اعجاز اسلم نے اداکارہ اور سماجی کارکن مشی خان کی سخت تنقید پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنی وضاحت پیش کر دی ہے۔ دونوں اداکاروں نے ایک ویڈیو میں ان الزامات کا جواب دیا، جو فیصل قریشی کی اہلیہ ثنا نے ریکارڈ کی۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب مشی خان نے سید محمد احمد کی حمایت کرتے ہوئے فیصل قریشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا تھا کہ معافی مانگنا کوئی "بڑاپن" نہیں بلکہ غلطی کے بعد ہر شخص کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے۔ انہوں نے اعجاز اسلم کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملات میں غیر جانبداری اختیار کرنے کے بجائے درست اور غلط میں واضح فرق کرنا چاہیے۔
اپنی وضاحت میں فیصل قریشی نے کہا کہ ان کے الفاظ کا انتخاب درست نہیں تھا اور وہ دراصل سید محمد احمد کی درگزر کرنے کی صلاحیت کو سراہ رہے تھے۔ دوسری جانب اعجاز اسلم کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسی فریق کی حمایت نہیں کی بلکہ صرف حالات کا غیر جانب دارانہ تجزیہ پیش کیا تھا۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین اس وضاحت سے مطمئن دکھائی نہیں دیے۔ متعدد افراد نے سوال اٹھایا کہ اگر ابتدا ہی میں صحیح مؤقف اختیار کیا جاتا تو بعد میں وضاحتوں کی ضرورت پیش نہ آتی۔ کچھ صارفین نے تبصرہ کیا کہ شدید تنقید کے بعد اب بیانات تبدیل کیے جا رہے ہیں، جبکہ دیگر کا کہنا تھا کہ غلط کے خلاف آواز اٹھانے کے بجائے غیر جانبدار رہنا بھی ایک مؤقف ہوتا ہے، اس لیے ایسے معاملات میں واضح موقف اختیار کرنا ضروری ہے۔