"میرے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنا کر پیغامات بھیجے گئے، جبکہ میرا اصل اکاؤنٹ میں خود استعمال کرتا ہوں۔ عروبہ مرزا کبھی بھی میری زندگی میں اتنی اہم نہیں رہیں کہ ہمارے درمیان کسی خاص تعلق کی بات کی جائے۔ اختلاف یا دشمنی اپنی جگہ، مگر مخالفین میں بھی کچھ کلاس اور خاندانی اقدار ہونی چاہئیں۔"
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ نے اداکارہ عروبہ مرزا کی جانب سے مبینہ پرانے چیٹ اسکرین شاٹس شیئر کیے جانے کے بعد پہلی بار کھل کر ردعمل دے دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وائرل ہونے والے پیغامات ان کے اصل اکاؤنٹ سے نہیں بلکہ ان کے نام پر بنائے گئے جعلی اکاؤنٹ سے بھیجے گئے تھے۔
ثاقب چدھڑ نے مزید کہا کہ عروبہ مرزا کے ساتھ ان کا کبھی ایسا تعلق نہیں رہا جسے اس انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے یا ذاتی رنجش اپنی جگہ، لیکن کسی پر الزام لگاتے وقت شائستگی اور خاندانی اقدار کو بھی ملحوظِ خاطر رکھنا چاہیے۔
دوسری جانب عروبہ مرزا کی جانب سے شیئر کیے گئے مبینہ اسکرین شاٹس اور ثاقب چدھڑ کی وضاحت کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ صارفین دونوں فریقوں کے مؤقف پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں، تاہم اب تک کسی بھی دعوے یا اسکرین شاٹ کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔