بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کا ایک پرانا ویڈیو کلپ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہا ہے جس میں وہ ایک خاتون کے ہنسی مذاق پر نہایت شائستہ اور مزاحیہ انداز میں جواب دیتے نظر آتے ہیں۔ یہ ویڈیو اپریل 2026 کی ہے، جب وہ ممبئی میں ایک برانڈ کی شوٹنگ کے دوران مداحوں اور کانٹینٹ کریئیٹرز سے ملاقات کر رہے تھے۔
ویڈیو میں کانٹینٹ کریئیٹر دکشا نارنگ نے ہلکے پھلکے انداز میں رنویر سنگھ سے گفتگو کی، جس پر اداکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی اپنے دوسرے بچے کے والد بننے والے ہیں۔ ان کے اس مختصر جواب نے وہاں موجود افراد کو بھی محظوظ کیا اور بعد ازاں یہی لمحہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین نے مختلف انداز میں تبصرے کیے۔ کئی مداحوں نے رنویر سنگھ کے خوش اخلاق رویے اور حاضر جوابی کو سراہا جبکہ بعض نے یہ بھی نوٹ کیا کہ یہ جملہ کہتے وقت انہوں نے اپنی انگلیاں بند رکھی تھیں جسے کچھ لوگ اچھی خبر پر نظرِ بد سے بچنے کی روایت سے جوڑ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ رنویر سنگھ اور ان کی اہلیہ دپیکا پڈوکون حال ہی میں اپنے دوسرے بچے کی آمد کی خوشخبری شیئر کر چکے ہیں۔ اس سے قبل ان کی ایک بیٹی، دعا، ہے اور اب دونوں جلد اپنے خاندان میں ایک نئے رکن کا استقبال کرنے والے ہیں۔