ترکی اور عراق کے درمیان خام تیل کی پائپ لائن ایک سال مزید فعال رکھنے کا معاہدہ

image

ترکی اور عراق نے دونوں ممالک کے درمیان خام تیل کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی آئل پائپ لائن کو مزید ایک سال تک فعال رکھنے کے لیے عبوری معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت عراق سے ترکی تک خام تیل کی ترسیل بلا تعطل جاری رہے گی۔

ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتار نے بتایا کہ یہ معاہدہ گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری دوطرفہ تعاون کا تسلسل ہے، جس کی سابقہ مدت حال ہی میں ختم ہوئی تھی۔ ان کے مطابق نئے معاہدے کے تحت عراق-ترکی آئل پائپ لائن (ITP) کے ذریعے یومیہ 7 لاکھ 50 ہزار بیرل خام تیل کی ترسیل کی گنجائش برقرار رکھی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انقرہ میں عراقی وزیر تیل اور ان کے وفد سے ہونے والی ملاقات کے بعد ترک سرکاری توانائی کمپنی BOTAS اور عراق کی سرکاری آئل کمپنیوں SOMO اور NOC کے درمیان ایک سالہ معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

ترک حکام کے مطابق اس پائپ لائن کی مجموعی گنجائش 15 لاکھ بیرل یومیہ ہے، تاہم اس وقت اس کے ذریعے تقریباً ایک لاکھ 70 ہزار بیرل خام تیل روزانہ ترکی کی بحیرہ روم میں واقع سیہان بندرگاہ تک پہنچایا جا رہا ہے۔

ترکی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ مستقبل میں پائپ لائن کی مکمل استعداد سے فائدہ اٹھانے اور اسے جنوبی عراق کے آئل فیلڈز تک توسیع دینے کے لیے عراق کے ساتھ طویل المدتی اور جامع معاہدے پر مذاکرات جاری رکھے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US