سعودی ولی عہد کی دعوت پر شہباز شریف کی جدہ آمد

image

جدہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں جدہ آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

جدہ ایئرپورٹ پر مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشال بن عبدالعزیز، سعودی عرب کے وزیرِ ماحولیات، پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور اعلیٰ سعودی و پاکستانی سفارتی حکام نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورۂ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دورے کے دوران وزیراعظم عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے، جبکہ مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ میں حاضری دیں گے اور روضۂ رسول حضرت محمد ﷺ پر سلام پیش کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف اور عطاء اللہ تارڑ، جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی سعودی عرب کے دورے میں شریک ہیں


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US