وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار اور آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایدھی ہوم سہراب گوٹھ میں 65 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی واردات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بالترتیب ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ویسٹ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
دونوں اعلیٰ حکام نے فلاحی ادارے کے ملازمین کی تنخواہوں کی رقم لوٹنے والے مسلح ملزمان کی فوری گرفتاری اور لوٹی گئی رقم کی برآمدگی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید تفتیشی ذرائع کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا جائے اور شفاف تفتیش کے ذریعے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایدھی فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والا قابلِ احترام ادارہ ہے اور ایسے فلاحی اداروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو ایدھی انتظامیہ سے فوری رابطہ کرنے اور فلاحی اداروں کے اطراف حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
دوسری جانب آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیج، جیو فینسنگ اور انٹیلی جنس ذرائع سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں اور فلاحی اداروں کے جان و مال کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔