سرکاری ملازمین کے نئے پنشن نظام پر عملدرآمد شروع، قواعد جاری

image

سرکاری ملازمین کے پنشن نظام میں تبدیلی کے بعد وفاقی حکومت نے ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن فنڈ اسکیم 2024 پر عملی طور پر عملدرآمد شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا، اسکیم کے قواعد بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن فنڈ اسکیم 2024 اب آپریشنل مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، جس کے تحت تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو اسکیم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تمام متعلقہ اداروں کو اسکیم کے دائرہ کار میں آنے والے ملازمین کی فہرستیں مرتب کرنے کا پابند بنایا گیا ہے، جبکہ ملازمین کا ڈیٹا اور متعلقہ اسناد اے جی پی آر سے 15 روز کے اندر اپ ڈیٹ کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

وفاقی حکومت نے ہر وزارت اور ڈویژن میں گریڈ 17 یا اس سے زائد کے افسر کو فوکل پرسن مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ فوکل پرسن پنشن فنڈ اسکیم سے متعلق تمام معاملات کی نگرانی کرے گا، جبکہ وزارتوں اور ڈویژنز کو عملدرآمد کے لیے متعلقہ افسران اور شعبے نامزد کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے ایچ آر ونگ کو اسکیم پر عملدرآمد کی نگرانی اور اسے یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اسی طرح کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس کو اے جی پی آر کے تعاون سے وفاقی ملازمین کا جامع ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نئے نظام کے تحت ملازمین کا ڈیٹا وزارت، ڈویژن، محکمہ اور گریڈ کے لحاظ سے مرتب کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ نے تمام متعلقہ اداروں کو پنشن فنڈ اسکیم پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US