پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائنز کو عارضی طور پر دیے گئے 14 سلاٹس واپس مل گئے ہیں، جس کے بعد قومی ایئرلائن کے لیے برطانیہ کے لیے پروازوں میں اضافے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق برطانیہ کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی کے دوران ہیتھرو ایئرپورٹ کے 14 سلاٹس غیر ملکی ایئرلائنز کو مختص کیے گئے تھے تاہم اب یہ سلاٹس دوبارہ پی آئی اے کو واپس مل گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلاٹس کی واپسی کے بعد پی آئی اے پاکستان سے لندن کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ اکتوبر سے شروع ہونے والے موسم سرما کے فلائٹ شیڈول میں اسلام آباد اور لاہور سے لندن کے لیے قومی ایئرلائن کی پروازوں میں اضافہ متوقع ہے۔
ممکنہ شیڈول کے مطابق اسلام آباد سے لندن کی ہفتہ وار پروازیں 3 سے بڑھ کر 5 جبکہ لاہور سے لندن کی پروازیں ایک سے بڑھ کر 2 ہونے کا امکان ہے۔
سلاٹس کی واپسی سے کراچی اور سیالکوٹ سے بھی لندن کے لیے رابطہ پروازوں کی تعداد میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔