وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک بار پھر امن معاہدے یا کسی مفاہمت کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ دو سے تین روز کے دوران ملنے والے اشاروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان کسی نہ کسی نوعیت کے معاہدے یا سمجھوتے کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات ایک مرتبہ پھر امن معاہدے کے حق میں بنتے دکھائی دے رہے ہیں تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب آذربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف نے اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خواجہ آصف نے سفیر خضر فرہادوف کی پاکستان میں تعیناتی کے دوران پاک آذربائیجان تعلقات کے فروغ اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے خدمات کو سراہا۔
دونوں جانب سے بالخصوص دفاع اور ہوا بازی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیر دفاع نے سبکدوش ہونے والے سفیر کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔