اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند

image

اسلام آباد اور راولپنڈی میں علی الصبح ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔

گولڑہ کے قریب ای الیون میں 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 21 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں ساڑھے 17 فٹ تک پہنچ گئی۔

پانی کی سطح میں اضافے کے باعث وارننگ پوسٹس پر سائرن بجا دیے گئے اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انتظامیہ نے گوالمنڈی اور کٹاریاں کے علاقوں میں شہریوں کے انخلا کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو ندی نالوں میں جانے اور انہیں عبور کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور مختلف مقامات پر بارش متوقع ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا جبکہ تقریباً 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں موسم گرم اور مرطوب ہے، جہاں موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 اور کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود اور موسم مرطوب ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ کراچی میں موجودہ اور کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

کراچی میں جنوب مغرب سے تقریباً 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا فضائی معیار تسلی بخش ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US