وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے بیلاروس کے وزیر توانائی ڈینس موروز نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بیلاروسی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دیرینہ روابط کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون کے دائرہ کار کو مدنظر رکھتے ہوئے تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے حجم میں اضافہ ضروری ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان صنعتی تعاون، زراعت، تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع تر ایجنڈے پر بھی گفتگو ہوئی۔ بیلاروسی وفد نے مختلف شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیلاروس کے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ جاری روابط کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جا سکے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہو۔
بیلاروس کے وزیر توانائی ڈینس موروز نے وزیر خزانہ کی حمایت کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں مزید معاون ثابت ہوگا۔
ملاقات میں وزارت اقتصادی امور کے سیکریٹری سمیت بیلاروس کے وفد کے ارکان، پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیسا، صنعت کے پہلے نائب وزیر وکٹر شچیتکو، بیلاروس کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر آندرے پروکوپچک اور نیشنل بینک آف بیلاروس کے وکٹر نکیتن سمیت وزارت خزانہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔