کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں قتل ہونے والے نوجوان میر رضا کے کیس میں مقتول کا پہلا پوسٹ مارٹم کرنے والے میڈیکولیگل افسر ڈاکٹر اسامہ شیخ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ڈاکٹر اسامہ نے پوسٹ مارٹم میں سنگین غلطیاں کیں، جس کی وجہ سے انہیں عہدے سے ہٹایا گیا اور وہ جلد انکوائری کے دوران افسران کے سامنے پیش ہوں گے۔
دوسری جانب، میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ کروائی گئی ہے۔
تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ جائے وقوعہ کے اطراف تین موبائل فون کمپنیوں کے ٹاورز موجود ہیں، جس کے باعث جیو فینسنگ کے دوران گلستان جوہر کے مختلف بلاکس کی لوکیشنز سامنے آرہی ہیں۔ واقعے کو کئی روز گزر جانے کی وجہ سے تحقیقاتی ٹیم کو جیو فینسنگ میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم جائے وقوعہ کے 500 میٹر کے اطراف کے علاقے کی سرچنگ کرکے مختلف شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔
مزید برآں، نئی تحقیقاتی کمیٹی نے مقتول کی اسمارٹ واچ سے متعلق ابتدائی تفصیلات حاصل کر لی ہیں اور اس کا مکمل ڈیٹا حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔