ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ برقرار

image

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت گندم سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں گندم کی دستیابی اور صوبوں کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

نائب وزیراعظم کے دفتر کے مطابق اجلاس میں ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ گندم درآمد کرنے کا مقصد مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں قیمتوں پر دباؤ کم کرنا ہے۔

اجلاس میں عوام کو گندم کی مناسب دستیابی اور مناسب قیمتوں پر ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وفاقی وزیر تجارت، وزیر خوراک سندھ، چیف سیکریٹری پنجاب، وفاقی سیکریٹریز قومی غذائی تحفظ و تحقیق و تجارت، وزیراعظم کے نیشنل کوآرڈینیٹر برائے خوراک اور دیگر متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔

حکام نے اجلاس میں گندم کے ذخائر، صوبائی ضروریات اور آئندہ کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا اور ملکی سطح پر گندم کی بلا تعطل دستیابی یقینی بنانے کے اقدامات پر غور کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US