پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق نے آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکسڈ ڈبلز کا ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اعصام الحق نے جرمنی کی نینا ہرمن کے ساتھ مل کر مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں پرتگال کی ٹاپ سیڈ جوڑی فریڈ گل اور ریٹا فریٹاس کو 6-4 اور 6-3 سے شکست دی۔
دوسری جانب مینز ڈبلز کے فائنل میں اعصام الحق اور عقیل خان کو فرانس کے جیکس گلے اور ژاں بپٹسٹ رینالٹ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان نے مجموعی طور پر 4 میڈلز اپنے نام کیے، جن میں ایک گولڈ، 2 سلور اور ایک برونز میڈل شامل ہے۔
عقیل خان نے 40 پلس مکسڈ ڈبلز میں جرمنی کی ایلین اراناس روتھ کے ساتھ برونز میڈل جیتا، جبکہ اعصام الحق اور عقیل خان نے مینز 45 پلس ڈبلز میں سلور میڈل حاصل کیا۔
اعصام الحق کی مکسڈ ڈبلز میں کامیابی پاکستان کے لیے چیمپئن شپ کا واحد گولڈ میڈل ہے۔