بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت خاران کے علاقے لجے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گرد مارے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ، بڑی مقدار میں گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا، جبکہ 2 گاڑیاں اور ایک موٹرسائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا۔ ہلاک دہشت گرد خاران اور لجے کے علاقوں میں لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔