گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت میں بیشتر معاملات پر اتفاق، حتمی معاہدے کا انتظار

image

گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں بیشتر معاملات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے، تاہم ہڑتال کے خاتمے کا حتمی فیصلہ معاہدے پر دستخط کے بعد ہوگا۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر آج گورنر ہاؤس سندھ میں دستخط متوقع ہیں، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار روزانہ کے بجائے ہفتہ وار بنیاد پر کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ حکومت نے 10 وہیلر گاڑیوں کے وزن کی حد بڑھانے کا مطالبہ بھی تسلیم کرلیا ہے، جس کے تحت مجموعی وزن 27.5 ٹن سے بڑھا کر 35 ٹن کیا جائے گا۔

مذاکرات میں ایچ ٹی وی لائسنس کے حصول کے لیے ایل ٹی وی لائسنس کی مدت 3 سال سے کم کر کے ایک سال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تھرڈ پارٹی انشورنس کی لازمی شرط ختم کرنے کے معاملے پر غور کے لیے کمیٹی تشکیل دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

دوسری جانب گڈز ٹرانسپورٹرز کا ودہولڈنگ ٹیکس 2 فیصد کرنے کا مطالبہ حکومت نے مسترد کردیا ہے، اور ٹیکس کی موجودہ شرح 7 فیصد برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق معاہدے پر دستخط کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم ہونے کی حتمی صورتحال واضح ہوجائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US