سندھ حکومت کے تعاون سے گلگت بلتستان میں آفات متاثرین کیلیے 200 گھر تعمیر ہوں گے

image

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور انہیں محفوظ رہائش کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، سندھ حکومت کے تعاون سے متاثرین کے لیے 200 گھر تعمیر کیے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے ڈونرز کے تعاون سے شروع کیے جانے والے 16 ارب روپے کے کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ماحول دوست اور محفوظ تعمیرات، صاف پانی کی فراہمی، سیوریج نظام اور آسان شرائط پر قرضوں سمیت مختلف منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی آفات کے حوالے سے انتہائی حساس خطہ ہے، جہاں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کے باعث ہر سال متعدد مکانات تباہ ہوجاتے ہیں۔ حکومت متاثرہ شہریوں کے لیے محفوظ اور پائیدار گھروں کی تعمیر کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے گزشتہ سال بوبر کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک رہائشی کالونی قائم کی گئی تھی، جبکہ رواں سال سندھ حکومت کے تعاون سے قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 200 گھر تعمیر کیے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مستقبل میں بھی قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی، محفوظ رہائش اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US