پاکستان آج اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھالے گا

image

پاکستان آج اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھالے گا، جس کے بعد عالمی سلامتی، جوہری عدم پھیلاؤ اور تزویراتی استحکام سے متعلق اہم امور پر پاکستان کو سفارتی قیادت کا موقع ملے گا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کانفرنس کے نئے صدر ہوں گے اور اجلاس کی صدارت کے لیے جنیوا میں موجود ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران کانفرنس کی سالانہ رپورٹ کی تیاری کرے گا، جسے بعد ازاں رکن ممالک کی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ پاکستان 2027 کے ایجنڈے کی تیاری کے سلسلے میں رکن ممالک کے درمیان مشاورت اور مذاکرات کو آگے بڑھانے میں بھی سہولت کاری کرے گا۔

پاکستانی صدارت کے دوران رواں ہفتے ’’خلا میں اسلحے کی دوڑ کی روک تھام‘‘ (PAROS) کے معاملے پر اہم بحث بھی متوقع ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق کانفرنس میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کے خاتمے، جوہری جنگ کی روک تھام اور منفی سلامتی کی ضمانتوں سمیت اہم امور زیر بحث آئیں گے۔

اس کے علاوہ فوجی شعبے میں مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے ہوئے استعمال، عالمی و علاقائی امن اور تزویراتی استحکام سے متعلق معاملات بھی کانفرنس کے ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق تخفیف اسلحہ کانفرنس کی صدارت پاکستان کو عالمی سلامتی، جوہری عدم پھیلاؤ اور اسلحہ کنٹرول سے متعلق اہم سفارتی مباحث میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US