وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کی حمایت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ مکہ کے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب اور جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ مل کر نہ صرف اپنے ممالک بلکہ پورے خطے کے دفاع اور سلامتی کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت نے جنوبی ایشیا میں ایٹمی تباہی کے خطرے کو ٹالنے اور لاکھوں انسانی جانیں بچانے میں مدد دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے روشن، محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لیے پائیدار امن کا قیام بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔