وزارت داخلہ کے تمام اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ، محسن نقوی

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ کے ماتحت تمام اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور عوام دوست بنانے کے لیے جامع اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ کے ذیلی اداروں کے سربراہان کا اہم اجلاس ہوا، جس میں اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، باہمی رابطہ کاری مضبوط کرنے اور اصلاحاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں محسن نقوی نے تمام اداروں کو باہمی تعاون، رابطے اور کوآرڈینیشن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ کی ذمہ داریاں دیگر وزارتوں کے مقابلے میں مختلف اور غیر معمولی نوعیت کی ہیں، اس لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لینڈ پورٹ اتھارٹی سمیت نئے قائم ہونے والے اداروں کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی اور انہیں ضروری وسائل بھی مہیا کیے جائیں گے۔ تمام اداروں کو ایک دوسرے کی بھرپور مدد اور معاونت یقینی بنانا ہوگی۔

محسن نقوی نے اداروں کے سربراہان کو ڈیٹا سکیورٹی اور سائبر سکیورٹی کے حوالے سے جامع اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے تمام اداروں سے اپنے اپنے شعبوں کے لیے دو سالہ جامع ٹرانسفارمیشن پلان پیش کرنے کا حکم دیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کے تمام اداروں کو جدید خطوط پر مکمل طور پر تبدیل کرنا حکومت کا ہدف ہے، جبکہ ہر ذیلی ادارے کو مثالی اور عوام دوست بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات اور معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے اداروں کو اپنے مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کرنا ہوں گے۔ ادارے خودمختار اور بااختیار ہوں اور اپنے فیصلے خود کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں، ہر معاملہ وزارت داخلہ کو بھیجنے کی ضرورت نہیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ جہاں قوانین میں تبدیلی یا اصلاحات کی ضرورت ہو، وہاں متعلقہ ادارے فوری طور پر ضروری ترامیم اور اصلاحات کی تجاویز وزارت کو پیش کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US