راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جبکہ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی۔ بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے اور متعدد علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
اسلام آباد کے گولڑہ میں 144 ملی میٹر، بوکرہ میں 132 ملی میٹر، جبکہ راولپنڈی کے پیر ودھائی میں 105، گوالمنڈی میں 77، کچہری میں 60 اور شمس آباد میں 41 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
موسلادھار بارش کے بعد گوالمنڈی پل کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ 15 فٹ تک پہنچ گیا۔ ڈھوک کھبہ اور صادق آباد کے علاقوں میں بارشی پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ضلعی انتظامیہ نے نالہ لئی کے اطراف رہنے والے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری طور پر نالے کے قریب نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں صبح کے وقت درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو دن کے دوران 37 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہواؤں کی رفتار تقریباً 9 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں بھی دن کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب لاہور میں موسم بدستور گرم اور مرطوب ہے۔ شہر میں موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 اور کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہواؤں کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے لاہور میں بھی آج بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔