سندھ میں نیا صوبہ بنانے کی مخالفت، سعید غنی کی ایم کیو ایم پر تنقید

image

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے سندھ میں نئے صوبے کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی صورت سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دیا جائے گا۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ زبردستی صوبہ بنانے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتیجے میں عوام کے درمیان نفرت اور بداعتمادی پیدا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شہریوں کے ذہنوں میں بدگمانیاں پیدا ہوئیں تو صورتحال کے نتائج مختلف ہوسکتے ہیں۔

پی پی رہنما نے کہا کہ سیاسی قیادت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور سندھ کے عوام کو نفرت کی طرف دھکیلنے سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ سیاستدانوں اور پارلیمنٹ کا آئینی و سیاسی معاملہ ہے۔

سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ سندھ کی بیشتر سیاسی جماعتیں اور عوام نئے صوبے کے قیام کے مخالف ہیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چند افراد کی جانب سے کیے جانے والے مطالبات کو سندھ کے عوام کی رائے قرار نہیں دیا جاسکتا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US