آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں سابق وزیراعظم سردار عتیق کو شکست دینے والے نومنتخب رکن اسمبلی ساجد اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سیاسی اتحاد کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثنا اللہ اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ساجد اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے اعتماد کیے جانے پر وہ شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے حلقے کے عوام کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا مینڈیٹ دیا۔ ساجد اقبال نے واضح کیا کہ وہ اپنی جماعت کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کا اعلان کرتے ہیں۔
اس موقع پر سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اس وقت مسلم لیگ (ن) کے امیدوار 25 نشستوں پر کامیاب ہوچکے ہیں، جبکہ مخصوص نشستوں کے انتخابات کے بعد پارٹی کی مجموعی نشستوں کی تعداد تقریباً 33 تک پہنچنے کا امکان ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ساجد اقبال معمولی فرق سے کامیاب ہوئے اور ان کے حلقے کے عوام نے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ساجد اقبال سے آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے کی درخواست کی گئی تھی، جسے انہوں نے قبول کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ ساجد اقبال اب آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے مسلم لیگ (ن) کی ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔ ان کے فیصلے پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں اور امید ہے کہ وہ اپنے حلقے سمیت آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔